پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے کا نایاب موقع فراہم کرنے کے لیے ایک اہم اقدام اٹھایا ہے۔ محکمہ سیاحت کے اعلامیے کے مطابق صوبے کے مختلف سیاحتی علاقوں میں جدید سہولیات سے آراستہ کیمپنگ پاڈز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عید کی تعطیلات کے دوران سیاحوں کو آرام دہ اور محفوظ قیام فراہم کیا جا سکے۔
یہ کیمپنگ پاڈز ان پرفضا مقامات پر قائم کیے گئے ہیں جہاں ماضی میں قیام کی معیاری سہولیات کی کمی سیاحت میں رکاوٹ بنتی رہی ہے۔ اب سیاح سرسبز پہاڑی وادیوں، شفاف جھیلوں اور ٹھنڈی فضاؤں کے بیچ فطرت سے ہم آہنگ انداز میں قیام کر سکیں گے۔
حکومت نے جن مقامات پر یہ کیمپنگ پاڈز کھولنے کا اعلان کیا ہے ان میں وادی کاغان کا شاران، ایبٹ آباد کا ٹھنڈیانی، چترال کی یارخون لشٹ اور سرلاسپور، سوات کے گبین جبہ اور سلاتن، بونیر کی ملکہ مہابن اور شہید سر، بٹگرام کا الائی میدان، شانگلہ کی یخ تنگئی، اور اورکزئی کا سمانہ شامل ہیں۔ کیلاش کی مشہور وادی بمبوریت بھی اس فہرست کا حصہ ہے۔
محکمہ سیاحت نے واضح کیا ہے کہ ان کیمپنگ پاڈز میں نہ صرف جدید رہائشی سہولیات مہیا کی گئی ہیں بلکہ سیاحوں کی سلامتی کو بھی اولین ترجیح دی گئی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد نہ صرف سیاحوں کو ایک منفرد تجربہ فراہم کرنا ہے بلکہ مقامی معیشت کو بھی فروغ دینا ہے۔
محکمہ سیاحت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عید کی چھٹیوں میں ان حسین وادیوں کا رخ کریں اور ماحول دوست سیاحت کو فروغ دیتے ہوئے مقامی ثقافت اور فطری حسن کا احترام کریں۔ یہ منصوبہ صوبے میں پائیدار سیاحت کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔